اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27ویں یومِ تاسیس کے موقع پر پارٹی رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہاؤس سے اسلام آباد ہائی کورٹ تک احتجاجی واک کی۔ اس علامتی مارچ میں پارٹی کے اہم رہنما علی محمد خان، زرتاج گل، عامر ڈوگر اور دیگر شریک تھے۔
واک کے دوران شرکاء نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگائے اور قیادت سمیت تمام گرفتار رہنماؤں اور کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پارٹی سے وابستہ مقدمات کو میرٹ پر سنا جائے، سیاسی انتقام بند کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے پارلیمنٹرینز نے آج کا دن انصاف کے مطالبے کے لیے مخصوص کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے مقدمات کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے قانون کے مطابق میرٹ پر نمٹایا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید بتایا کہ پارٹی کے وکلاء اسلام آباد ہائیکورٹ میں باضابطہ یادداشت جمع کرائیں گے، جبکہ دیگر رہنما اور کارکن خیبر پختونخوا ہاؤس میں یومِ تاسیس کی تقریب میں شرکت کریں گے۔تحریک انصاف کی اس پرامن واک کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔