پاکستان کا پہلگام اور جعفر ایکسپریس سانحات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ

لاہور(رم نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ پہلگام اور جعفر ایکسپریس سانحات کی تحقیقات کسی غیرجانبدار تیسرے ملک کے ذریعے کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے سامنے بھارت کی دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کرے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں، اور ہمارے پاس ایسے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں جو ہندوستان کی پاکستان میں دہشتگردی کی سرگرمیوں میں مداخلت کو ثابت کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی اداروں نے گزشتہ تین روز میں سات بم حملوں کی منصوبہ بندی ناکام بنائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے مختلف شہروں میں تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دنیا میں کہیں بھی ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، مگر بھارت نے کبھی پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کی معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی اور جب بھی بھارت میں کوئی غیرملکی مہمان آتا ہے، ایسے واقعات پیش آتے ہیں تاکہ توجہ ہٹائی جا سکے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ایک ہی ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں، اور پاکستان کو علم ہے کہ بی ایل اے کے افراد کس ملک میں جا کر کن سے ملاقات کر رہے ہیں۔

محسن نقوی نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے کسی حق کو روکنے کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ عالمی برادری پر منحصر ہے کہ وہ پاکستان کی جانب سے پیش کردہ غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کو کس طرح دیکھتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اپنے دیرینہ مؤقف، یعنی مسئلہ کشمیر سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اگر پاکستان کے خلاف کوئی قدم اٹھائے گا تو پاکستان دو قدم آگے بڑھ کر جواب دے گا۔