بھارتی آبی جارحیت: بغیر اطلاع دریائے جہلم میں پانی چھوڑنے سے مظفرآباد میں ایمرجنسی نافذ

مظفرآباد(رم نیوز)بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے مظفرآباد کے علاقے ہٹیاں بالا میں دریائے جہلم میں پانی چھوڑا گیا۔ اس غیر متوقع اقدام کے بعد مظفرآباد کی انتظامیہ نے آبی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق، مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے نکل کر دریائے جہلم اڑی سے چکوٹھی کی طرف آ رہا ہے، جس میں اچانک طغیانی آ گئی اور پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوگیا۔ اس صورتحال سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ دریائے جہلم کے کنارے واقع بستیوں میں لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر مساجد میں اعلانات کیے گئے ہیں۔

بھارت کا یہ اقدام عالمی قوانین اور دریائی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے، جس سے پاکستان کے شہریوں کی جان و مال کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ بھارت کی بدنیتی ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ہے اور یہ اقدام نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ بین الاقوامی اصولوں کی بھی پامالی ہے۔

پاکستانی عوام نے اس آبی جارحیت پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کے اس خطرناک رویے کا نوٹس لیا جائے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر گولہ باری اور اب پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ایک ناقابل قبول طرز عمل ہے۔