ٹورنٹو (رم نیوز)کینیڈا میں نئی وفاقی پارلیمنٹ کے انتخاب کے لیے آج ملک بھر میں ووٹنگ ہو رہی ہے، جس میں وزیراعظم مارک کارنی کی لبرل پارٹی اور اپوزیشن رہنما پیری پوئیلیور کی کنزرویٹو پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح سے شام تک جاری رہے گا، جس کے بعد نتائج آنا شروع ہوں گے۔ ابتدائی نتائج ایسٹرن ٹائم کے مطابق شام 7 بج کر 30 منٹ کے بعد موصول ہونا شروع ہوں گے۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ لبرل پارٹی ایک بار پھر حکومت بنانے کے لیے پرعزم ہے، تاہم کنزرویٹو پارٹی کی جارحانہ انتخابی مہم نے مقابلے کو کانٹے دار بنا دیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان کئی اہم حلقوں میں قریبی مقابلہ متوقع ہے۔
کینیڈین عوام آج جو فیصلہ کریں گے، اس کا اثر نہ صرف ملکی سیاست پر پڑے گا بلکہ معیشت، صحت، ماحولیات اور خارجہ پالیسی سمیت کئی اہم امور پر بھی گہرا اثر ڈالے گا۔