پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن: شزا فاطمہ

اسلام آباد (رم نیوز)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حکومت اس شعبے کی مزید ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔اسلام آباد میں ڈی ایف ڈی آئی فورم سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، اور حکومت ان مواقع کو بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اس شعبے کی ترقی کی رفتار مزید تیز کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے اور اس کی ترقی سے ملک کی اقتصادی حالت میں مزید بہتری آئے گی۔شزا فاطمہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے اور پاکستان کی معیشت کو کیش لیس اکانومی کی طرف لے جانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔