اوٹاوا (رم نیوز)کینیڈا میں ہونے والے عام انتخابات میں لبرل پارٹی کے امیدوار مارک کارنی کو برتری حاصل ہو گئی ہے۔ جیت کے بعد اوٹاوا میں اپنی پہلی تقریر میں مارک کارنی نے عوام سے سوال کیا، "کینیڈا کے لیے میرے ساتھ کون کھڑا ہوگا؟" ان کے حامیوں نے اس موقع پر ان کے نام کے نعرے بھی لگائے۔
مارک کارنی نے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ کئی مہینوں سے خبردار کر رہے ہیں کہ امریکہ ہماری زمین، ہمارے وسائل اور ہمارا ملک چاہتا ہے، اور صدر ٹرمپ ہمیں توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ امریکہ ہم پر قبضہ کر لے، لیکن ایسا کبھی نہیں ہوگا۔
59 سالہ مارک کارنی، جو اس سے قبل کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے مشیر کے طور پر کام کر چکے ہیں، نے ہارورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے۔ انھوں نے کبھی بھی کوئی سرکاری عہدہ نہیں سنبھالا، لیکن ان کا اقتصادی تجربہ بے حد شاندار ہے۔ وہ کینیڈا اور برطانیہ کے مرکزی بینکوں کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ماہرین کے مطابق لبرل پارٹی کی برتری کو غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل کنزرویٹو پارٹی کے رہنما پیری پولیور نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ نئی حکومت کے ساتھ مل کر صدر ٹرمپ کی جانب سے نافذ کیے گئے ٹیرف اور دیگر اقدامات کا مقابلہ کریں گے۔