راولپنڈی(رم نیوز)بھارتی فضائیہ کے چار رافیل جنگی طیارے 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب، مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں پٹرولنگ کر رہے تھے، جس پر پاکستان ایئر فورس نے فوری ردعمل ظاہر کیا اور فضائی نگرانی کو فعال کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جب بھارتی رافیل طیارے پاکستانی حدود کے قریب پہنچے، تو پاکستان ایئر فورس نے اپنی فضائی برتری کا بھرپور مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے بھارتی طیارے اپنی کارروائی سے گھبرا گئے اور فوراً واپس اپنی فضائی حدود میں واپس پلٹ گئے۔ بھارتی طیاروں کی اس بوکھلاہٹ کو پاکستان کی فضائیہ کی تیز اور مؤثر کارروائی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان کے حکام نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی فضائیہ اپنے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ پاکستان کی فوج ہر صورت میں اپنے ملک کی خودمختاری کی حفاظت کرے گی اور دشمن کی جانب سے کسی بھی غیر ذمہ دارانہ اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔