" /> ">

"سو جاتے ہیں فٹ پاتھ پہ اخبار بچھا کر"۔۔۔۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یومِ مزدور

لاہور (رم نیوز ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یکم مئی کو عالمی یومِ مزدور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد محنت کشوں کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات پر زور دینا ہے۔

عالمی یومِ مزدور کی بنیاد 1886ء میں امریکی شہر شکاگو میں رکھی گئی، جب مزدوروں نے آٹھ گھنٹے کے کام کے اوقات کار کے لیے احتجاج کیا۔ اس دوران پولیس کی فائرنگ سے کئی مزدور جان کی بازی ہار گئے، جب کہ متعدد کو پھانسی دے دی گئی۔ انہی قربانیوں کی یاد میں ہر سال یکم مئی کو یہ دن دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔

پاکستان میں یومِ مزدور سرکاری سطح پر پہلی بار 1973ء میں منایا گیا، جب اس وقت کے وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو نے اس دن کو قومی سطح پر تسلیم کیا۔ملک بھر میں آج کے دن کی مناسبت سے مزدور تنظیموں، سماجی و سیاسی جماعتوں کی جانب سے ریلیوں، سیمینارز اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں محنت کشوں کے مسائل اجاگر کیے جا رہے ہیں اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کی جا رہی ہیں۔

یومِ مزدور کے موقع پر یہ سوال بھی توجہ طلب ہے کہ آیا صرف تقاریر اور رسمی دعووں سے مزدور طبقے کی زندگی میں بہتری آ سکتی ہے یا اس کے لیے عملی، دیرپا اور پالیسی سطح کے اقدامات ناگزیر ہیں۔