اسلام آباد (رم نیوز) بھارت کے پہلگام فالس فلیگ آپریشن اور دھمکی آمیز بیانات کے خلاف پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے عزم نے سوشل میڈیا پر نئی تحریک کو جنم دیا، جہاں "ہم تیار ہیں، آزمانا نہیں" کا نعرہ دیکھتے ہی دیکھتے ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی اہم اور جارحانہ پریس کانفرنس نے دشمن کو واضح پیغام دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو خود محاذ آرائی نہیں چاہتا، لیکن اگر جارحیت مسلط کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا، "ہم نے 2019 میں بھی اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا تھا، اب بھی ہر میدان میں بھرپور تیاری موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے، ہم ہر وقت، ہر جگہ اور ہر ڈومین میں مکمل طور پر تیار ہیں۔ پاکستان کی عوام اور افواج اپنی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے ہم آواز اور پرعزم ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے فوجی تصادم کا راستہ چُنا تو یہ اس کی اپنی چوائس ہوگی، لیکن اُس کے بعد کیا ہوگا، یہ فیصلہ پاکستان کرے گا۔ انہوں نے کہا، "ہم واضح پیغام دے رہے ہیں، ہم تیار ہیں، ہمیں آزمانا نہیں۔"