پی ایس ایل 10: پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور(رم نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے دسویں ایڈیشن کے 22ویں میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور کائلی میئرز نے ٹیم کو 58 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم اس کے بعد اسلام آباد کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

اسلام آباد کی جانب سے سب سے نمایاں اننگز بین ورشوس نے نویں نمبر پر کھیلتے ہوئے کھیلی، جنہوں نے 17 گیندوں پر 33 ناقابلِ شکست رنز بنائے۔ مقررہ اوورز میں اسلام آباد کی ٹیم 143 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد علی سب سے کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے 4 اوورز میں 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر باؤلرز لیوک وڈ، الزری جوزف، احمد دانیال، صائم ایوب اور حسین طلعت نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز متاثرکن نہ تھا اور محض 38 کے مجموعی اسکور پر اس کے ابتدائی تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ تاہم، اس موقع پر کپتان بابر اعظم اور نوجوان بیٹر معاذ صداقت نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔

معاذ صداقت نے صرف 33 گیندوں پر 55 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم 53 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی نے مطلوبہ ہدف 16.4 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کائلی میئرز، بین ورشوس، نسیم شاہ اور ریلی میریڈتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس فتح کے باوجود پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر برقرار ہے، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ سات میں سے پانچ میچز جیت کر اب بھی سرفہرست ہے۔