راولپنڈی ( رم نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس میں قومی سلامتی، علاقائی صورتحال اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی، سرحدی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ دفاعِ وطن کے لیے افواجِ پاکستان اپنی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں، جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے آپریشنل تیاریوں اور قومی یکجہتی کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔
کانفرنس میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم اور پہلگام واقعے کے بعد لائن آف کنٹرول پر سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کی سخت مذمت کی گئی۔ فورم نے واضح کیا کہ بھارت کی بلا اشتعال کارروائیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں، جن کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔فورم نے بھارتی قیادت کی جانب سے خود ساختہ بحرانوں کو جنم دے کر سیاسی و عسکری مقاصد کے حصول کی روش کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2019 میں پلوامہ حملہ اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا، جس کے بعد بھارت نے یکطرفہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔
شرکاء نے سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچانے کی بھارتی کوششوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ فورم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی سوچ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ پاکستان کے آبی حقوق پر بھی حملہ ہے، جو خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔
کور کمانڈرز فورم نے پاکستان میں دہشتگردی کو فروغ دینے میں بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے کردار پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی ان کارروائیوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، جو عالمی اصولوں کے صریحاً منافی ہیں۔
کانفرنس میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی ترقی اور امن کے سفر کو کسی بھی بیرونی مداخلت، پراکسیز یا دہشتگردی سے روکا نہیں جا سکتا۔ قومی سلامتی اور عوامی امنگوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔آرمی چیف نے اختتام پر تمام فارمیشنز اور اسٹریٹیجک فورسز کی تیاریوں اور عزم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا