وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں اضافے کا آرڈیننس جاری

اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان میں وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں اور مراعات میں ترمیم کا آرڈیننس جاری کر دیا گیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس آرڈیننس کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت وفاقی وزیروں اور وزرائے مملکت کی تنخواہیں رکن قومی اسمبلی کی تنخواہ کے برابر کر دی گئی ہیں۔

آرڈیننس کے مطابق، وفاقی وزیروں اور وزرائے مملکت کی ماہانہ تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جو کہ 2 لاکھ روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ وزرائے مملکت کی تنخواہ بھی 1 لاکھ 80 ہزار روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔

یہ اضافہ یکم جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوگا، اور اس کے نتیجے میں وفاقی وزیروں اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں 188 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔وفاقی کابینہ نے مارچ 2025 میں وزیروں اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔ اس آرڈیننس کے ذریعے حکومت کا مقصد وفاقی وزیروں کو مزید مراعات فراہم کرنا اور ان کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔