لاہور (رم نیوز)کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قلندرز کی ٹیم بارش کے باعث متاثر ہونے کے باوجود 15 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت کراچی کنگز کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف ملا۔لاہور قلندرز کی جانب سے اوپنر محمد نعیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 65 رنز بنائے، جبکہ فخر زمان نے بھی 51 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ عبداللہ شفیق 18، سکندر رضا 8، سیم بلنگز اور آصف علی 2، 2 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ ڈیرل مچل اور شاہین شاہ آفریدی بغیر کھاتے کھولے واپس لوٹ گئے۔
کراچی کنگز کے بولرز نے بارش کے بعد شاندار کارکردگی دکھائی۔ عباس آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میر حمزہ، حسن علی اور عامر جمال نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔کراچی کنگز کی بیٹنگ میں ڈیوڈ وارنر اور سیفرٹ نے ابتدائی جوش دکھایا، لیکن ٹیم کے اسکور کو سہارا دینے کا کام عرفان خان نیازی نے کیا۔ وارنر نے 13 گیندوں پر 24 رنز اور سیفرٹ نے 10 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔ سعد بیگ نے 15 گیندوں پر 25 رنز بنائے، لیکن خوشدل شاہ 9 رنز پر آؤٹ ہوئے۔میچ کے آخری لمحات میں محمد نبی نے 8 گیندوں پر 15 رنز بنائے، لیکن عرفان خان نیازی کی جارحانہ بیٹنگ نے کراچی کنگز کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ عرفان نے 21 گیندوں پر دو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔
کراچی کنگز نے 168 رنز کا ہدف 15 اوورز کی تیسری گیند پر پورا کر لیا، اور 6 وکٹوں کے نقصان پر فتح حاصل کی۔ اس جیت کے بعد کراچی کنگز نے پوائنٹس ٹیبل پر 8 میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر جگہ بنائی، جبکہ لاہور قلندرز 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئی۔