پہلگام فالس فلیگ میں ناکامی کے بعد بھارت کا بلوچستان میں دہشتگردی کا منصوبہ بے نقاب

اسلام آباد(رم نیوز)انٹیلی جنس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں ناکامی کے بعد بلوچستان میں دہشتگردی کی نئی سازش تیار کر لی ہے، جس کا مقصد پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی "را" نے بلوچستان کے شہروں گوادر، کوئٹہ اور خضدار میں دہشتگرد کارروائیوں کے لیے اپنی پراکسی تنظیموں کو فعال کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق "را" نے بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بی ایل اے، فتنہ الخوارج اور بعض غیرقانونی افغان عناصر کو ہدایات جاری کی ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دہشتگردوں کو افغانستان سے پاکستان میں داخل کر کے مخصوص علاقوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ چند خودکش حملہ آوروں کو اہداف کی ریکی بھی کروائی گئی ہے۔ یہ حملہ آور گاڑی یا موٹرسائیکل استعمال کر کے حملے کر سکتے ہیں۔

انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ادارے بھارتی سرپرستی میں تیار کیے گئے ان مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے الرٹ ہیں اور خطرے کے پیش نظر اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگرد نیٹ ورکس کی معاونت اور مداخلت کے شواہد پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں، اور یہ نئی سازش دراصل پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں ناکامی کے بعد پاکستان کے خلاف مذموم عزائم کی تازہ کڑی ہے۔