لاہور(رم نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو ملک کے دفاع میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پوری قوم کو متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ خصوصی ویڈیو بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دشمن نے ایک بار پھر رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا اور شہری آبادی و مساجد کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کو دشمن کے پانچ طیارے اور متعدد ڈرون مار گرانے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ قومی رضاکار بننے کے لیے تیار رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قوم کی خدمت کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے نظام کو فوری طور پر متحرک اور فعال رکھنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اس نازک وقت میں پوری قوم اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، لہٰذا حکومت کو معذرت خواہانہ رویہ ترک کر کے دشمن کو منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں ایسے عناصر کی نشاندہی کریں جو انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اور جماعت اسلامی جلد موجودہ صورتحال کے پیش نظر آئندہ کا لائحہ عمل جاری کرے گی۔