راولپنڈی (رم نیوز)پی ایس ایل کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز سے شکست دے دی ۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 26ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا۔ رائلی روسو اور حسن نواز نے تباہ کن بلے بازی کرتے ہوئے بالترتیب 104 اور ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلیں۔ روسو نے اپنی اننگز میں 14 چوکے اور 6 چھکے، جبکہ حسن نواز نے 4 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ابتدائی بلے باز کائل مائرز اور صاحبزادہ فرحان بالترتیب صفر اور ایک رن پر پویلین لوٹ گئے، جبکہ مڈل آرڈر بھی دباؤ کا شکار رہا۔ عماد وسیم 56 رنز کے ساتھ واحد نمایاں بلے باز ثابت ہوئے۔
میچ کے آغاز پر بھارتی حملے میں شہید ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تمام کھلاڑی اور آفیشلز احتراماً خاموش کھڑے رہے، جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اس کامیابی نے ٹیم کو نہ صرف اہم پوائنٹس دلائے بلکہ اسے پلے آف مرحلے میں بھی پہنچا دیا، جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔