امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر مداخلت نہ کرنے کا اعلان کردیا

واشنگٹن(رم نیوز) امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے بارے میں غیر مداخلت کا موقف اپنانے کا اعلان کیا ہے۔ نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ میں شامل نہیں ہوگا، کیونکہ اس تنازعے کا امریکا سے کوئی براہ راست تعلق نہیں ہے۔

جے ڈی وینس نے یہ بھی کہا کہ امریکہ دونوں ممالک کو صرف کشیدگی کم کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایٹمی طاقتوں کے درمیان تصادم عالمی سطح پر سنگین نتائج کا حامل ہو سکتا ہے، مگر امریکہ کا یہ موقف ہے کہ جنگ کو روکنا اور اس پر قابو پانا امریکا کی ذمہ داری نہیں۔

اس موقع پر امریکی وزارت خارجہ نے بھی پاکستان اور بھارت سے سفارتکاری کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنے کی اپیل کی ہے اور دونوں ممالک کے حکام سے مسلسل رابطے میں رہنے کی تصدیق کی۔