اسلام آباد (رم نیوز) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے صرف دس منٹ بعد ایف آئی آر درج کی گئی اور فوری طور پر پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا دیا گیا، جو ایک منظم منصوبہ بندی کی نشاندہی کرتا ہے۔
اسلام آباد میں عالمی میڈیا کے نمائندوں سے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ حملے کے مقام سے پولیس سٹیشن کی 30 منٹ کی دوری کے باوجود، صرف 10 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ کر پاکستان پر الزام تراشی کرنا ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا اور سیاستدانوں نے بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزامات لگانا شروع کر دیے، جو کہ غیر سنجیدہ اور خطرناک رجحان ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ حملے کے وقت بھارت کے 60 جنگی طیارے فضا میں تھے جنہیں پاکستانی فضائیہ نے مؤثر طریقے سے انگیج کیا۔ انہوں نے اس موقع پر بھارتی رافیل طیاروں کے پائلٹ کی گفتگو بھی سنائی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی خفیہ اداروں پر الزام عائد کیا کہ وہ بلوچستان میں دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق بھارت کی جانب سے کالعدم تنظیموں کو مالی اور عسکری معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان میں دہشت گردی پھیلائی جا سکے۔ انہوں نے اس حوالے سے کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیان سمیت دیگر شواہد عالمی میڈیا کے سامنے پیش کیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جعلی انکاؤنٹرز اور اقلیتوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کشمیری صحافیوں اور ناقدین کو اغواء یا گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی صحافیوں نے بھی پہلگام حملے پر سوالات اٹھائے لیکن ان کی آواز دبانے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے عالمی برادری اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ زمینی حقائق کی خود جانچ کریں اور بھارت کی جانب سے کیے جانے والے جھوٹے پراپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی جوابی کارروائیاں صرف بھارتی فوجی پوسٹوں تک محدود ہیں، جبکہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔
پریس کانفرنس میں پاکستانی فضائیہ اور بحریہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ایئر وائس چیف مارشل اورنگزیب احمد نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے دشمن کے حملوں کا بروقت اور مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حملوں میں 33 نہتے پاکستانی شہری شہید اور 62 زخمی ہوئے، تاہم پاک فضائیہ دو منٹ میں حرکت میں آ گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت فیک نیوز اور جھوٹی خبروں کی فیکٹری بن چکا ہے، جس کا مقصد دنیا کو گمراہ کرنا اور پاکستان کو بدنام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کے پاس کوئی شواہد ہیں تو انہیں کسی آزاد اور غیر جانبدار کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے