اسلام آباد (رم نیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو سات ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے یہ فیصلہ پاکستان کے ساتھ کیے گئے سٹاف لیول معاہدے کی روشنی میں کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بھارت کی جانب سے پاکستان کی قسط روکنے کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا۔ بھارتی اعتراضات کے برعکس، آئی ایم ایف نے پروگرام پر عملدرآمد جاری رکھتے ہوئے پاکستان کے معاشی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کے لیے "کلائمٹ فنانسنگ" کے تحت ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی اضافی مالی معاونت کی منظوری دی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قسط کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پروگرام سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اداروں نے بھارتی پراپیگنڈے کو مسترد کر کے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔