پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پی ایس ایل 10 غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے باقی ماندہ آٹھ میچز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے کی روشنی میں کیا گیا، جنہوں نے موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر کرکٹ سرگرمیوں کو وقتی طور پر روکنے کی تجویز دی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بھارتی رویہ اور اشتعال انگیزی کے باعث ملک میں عمومی فضا غیر یقینی کا شکار ہے، ایسے میں قوم کی توجہ افواج پاکستان کی جرات مندانہ کوششوں پر مرکوز ہے جو ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

پی سی بی نے شہداء، سیکیورٹی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل قوم کو جوڑنے کا ذریعہ ہے، تاہم ایسے وقت میں ایک وقار کے ساتھ وقفہ ناگزیر تھا۔

بورڈ کا کہنا تھا کہ وہ غیر ملکی کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کے تحفظات کو بھی مدنظر رکھے ہوئے ہے، اور کھلاڑیوں کی ذہنی آسودگی کو اولین ترجیح دیتا ہے۔پی سی بی نے واضح کیا کہ پی ایس ایل سیزن 10 کے ملتوی شدہ میچز کے لیے نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل کو دبئی منتقل کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا، تاہم تازہ صورتحال کے باعث مکمل التوا کا فیصلہ کیا گیا۔