راولپنڈی(رم نیوز) پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کا آغاز کر دیا، جس کے دوران فجر کے وقت بھارتی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی فوج نے بھارت میں متعدد اہداف پر جوابی کارروائی کی ہے۔ ان اہداف میں ادھم پور ایئر بیس، پٹھان کوٹ، سرسہ، سورت گڑھ، برنالہ، بھٹنڈا، سسرام ایئر فیلڈز، براہموس میزائل سٹوریج سائٹ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ اور اڑی میں سپلائی ڈپو شامل ہیں، جنہیں تباہ کر دیا گیا ہے۔
آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کا مقصد بھارت کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانا تھا، اور اس میں بھارتی علاقے بیاس میں براہموس میزائل ڈپو اور پٹھان کوٹ کے ایئر فیلڈ کو تباہ کیا گیا۔ ادھم پور ایئر بیس پر تین میزائل داغے گئے، جس کے نتیجے میں یہ ایئر بیس مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا۔
پاکستانی فوج کے مطابق، بھارتی توپوں کو بھی خاموش کر دیا گیا ہے اور متعدد بھارتی پوسٹس، جیسے ربتانوالی، ڈنہ، خواجہ بھیک اور رنگ کنٹوئر کو تباہ کر دیا گیا۔ بھارتی میڈیا نے ان تباہیوں کی تصدیق کی ہے، اور 26 بھارتی اہداف کی تباہی کا اعتراف کیا ہے۔پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بھارت کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، اور فتح 1 میزائل سسٹم کی مدد سے کئی بھارتی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔علاوہ ازیں، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ملٹری انٹیلی جنس کے تربیتی مرکز کو بھی تباہ کر دیا ہے، جو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے تربیت فراہم کرتا تھا۔
سائبر حملوں کے ذریعے بھارت کے 70 فیصد بجلی گرڈز کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے، جس سے بھارت کے کئی حصوں میں اندھیرا چھا گیا ہے۔یہ آپریشن پاکستان کی جانب سے بھارت کی جارحیت کا مؤثر جواب سمجھا جا رہا ہے، اور اس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔