پاکستان کا سائبر اٹیک: بی جے پی اور اہم بھارتی دفاعی اداروں کی ویب سائٹس ہیک

اسلام آباد(رم نیوز)بھارت کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے پاکستان نے سائبر اٹیک کے ذریعے بھارت کے متعدد اہم اداروں کی ویب سائٹس ہیک کر لی ہیں، جن میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی آفیشل ویب سائٹ بھی شامل ہے۔

پاکستان کی سائبر فورسز نے بی جے پی کی ویب سائٹ کے علاوہ دیگر اہم بھارتی اداروں کی ویب سائٹس کو نشانہ بنایا۔ ہیک کی جانے والی ویب سائٹس میں کرائم ریسرچ انویسٹی گیشن ایجنسی، ماہا نگر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی، بھارت ارتھ موورز لمیٹڈ، اور آل انڈیا نیول ٹیکنیکل سپروائزری سٹاف ایسوسی ایشن شامل ہیں، جن کا تمام مواد حذف کر دیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ، بارڈر سکیورٹی فورسز، اور یونیک آڈنٹیفیکشن اتھارٹی آف انڈیا کی ویب سائٹس کا ڈیٹا بھی لیک کر دیا گیا ہے، جس میں انڈین ایئر فورس، مہاراشٹر الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں کا حساس ڈیٹا شامل ہے۔

پاکستانی سائبر ٹیم نے مہاراشٹر سٹیٹ الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن کمپنی لمیٹڈ کو بھی ہیک کر لیا، جس کے نتیجے میں پورے ریاست مہاراشٹر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ حملے کے دوران ریاست کے تمام کمرشل اور ڈومیسٹک میٹرز کا ریکارڈ بھی حذف کر دیا گیا ہے، جس سے صوبے میں شدید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔یہ سائبر حملہ پاکستان کی جانب سے بھارت کی جارحیت کا جوابی اقدام ہے، جس کے ذریعے بھارتی حکومت اور سکیورٹی اداروں کے اہم ڈیٹا اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔