پاکستان کی دفاعی حکمت عملی پر مشاورت کے لیے وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس بلالیا

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کے خلاف آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کے آغاز کے بعد نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اس اہم اجلاس میں چیئرمین چیفس آف سٹاف کمیٹی، آرمی چیف اور پاک فوج کے دیگر سینئر افسران بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں بھارت کی جارحیت کے جواب میں نیوکلیئر حکمت عملی اور دفاعی اقدامات پر غور کیا جائے گا، کیونکہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نیوکلیئر مسائل کی نگرانی اور فیصلے کرنے والا ادارہ ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے فجر کے وقت آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کا آغاز کیا تھا، جس کے دوران بھارت کے ادھم پور اور پٹھان کوٹ ایئر بیسز، اور براہموس میزائل سٹوریج سائٹ کو تباہ کر دیا گیا تھا۔ اس کارروائی کے دوران بھارت پر فتح ون میزائل بھی فائر کیا گیا۔وزیراعظم نے موجودہ صورت حال کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے تاکہ آپریشن کے نتائج اور بھارت کے خلاف آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی جا سکے۔