پنجاب پولیس کا ہائی الرٹ اعلان، لاہور اور صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی

لاہور (رم نیوز)موجودہ کشیدہ حالات کے پیش نظر پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس چیک پوسٹس، چینی اور غیر ملکی سفارت خانوں، حساس مقامات اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے۔ ان کے مطابق ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے رکھے جائیں گے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ ڈولفن اسکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کی پٹرولنگ کو بڑھایا جائے گا اور سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔ پنجاب پولیس ہر صورت میں سکیورٹی، لا اینڈ آرڈر اور امدادی کارروائیاں یقینی بنائے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شرپسندوں اور مشکوک افراد پر نظر رکھیں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی من گھڑت افواہوں اور غیر مصدقہ پیغامات پر دھیان نہ دیں۔