واشنگٹن / اسلام آباد / نئی دہلی (رم نیوز)پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد بالآخر دونوں ممالک فوری سیز فائر پر رضامند ہو گئے ہیں۔ اس بات کی تصدیق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کر دی ہے۔
امریکی صدر نے "ایکس"پر اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا کی ثالثی میں ہونے والی طویل رات کی بات چیت کے بعد پاکستان اور بھارت نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا
صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں دونوں ممالک کی قیادت کو دانشمندی اور عقل کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی اور اس پیشرفت کو خطے کے امن کے لیے اہم قرار دیا۔
ادھر پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی سیز فائر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کا آغاز آج شام ساڑھے چار بجے سے ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس پورے عمل کی قیادت کی، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کو ترجیح دی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان امن کی کوششوں میں اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے قوم کو جنگ بندی پر مبارکباد بھی دی۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی سیز فائر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے قیادت اور دور اندیشی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے غیر جانبدار مقام پر باہمی بات چیت پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق سیز فائر معاہدے تک پہنچنے میں دونوں ممالک کے آرمی چیفس، قومی سلامتی کے مشیروں اور امریکی نائب صدر وینس نے اہم کردار ادا کیا۔