امریکہ نے جوہری جنگ کا خطرہ ٹالا، پاکستان اور بھارت پر دباؤ ڈال کر کشیدگی ختم کی: صدر ٹرمپ

واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ نے بروقت سفارتی اقدامات اور دباؤ کے ذریعے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جوہری تصادم کو روک دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کو واضح پیغام دیا گیا کہ اگر کشیدگی ختم نہ کی گئی تو تجارتی تعاون معطل کر دیا جائے گا۔وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ امریکا کی ثالثی سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے رہنما اپنے مؤقف پر سخت تھے، لیکن امریکی دباؤ کے بعد دونوں نے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا میں نے دونوں ملکوں کے قائدین سے کہا کہ اگر جنگ نہ رکی تو امریکا کسی بھی قسم کا تجارتی معاہدہ نہیں کرے گا۔ جنگ کا خاتمہ بنیادی طور پر تجارت کے مفاد میں ہوا۔امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ امریکہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت کر رہا ہے اور پاکستان کے ساتھ بھی تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک آئندہ بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اور کشیدگی سے گریز کریں گے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پاک فوج کے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھارتی افواج کو شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا، جس کے بعد بھارت جنگ بندی پر مجبور ہوا۔ اس دوران امریکی وزیر خارجہ اور نائب صدر نے دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت سے مسلسل رابطہ رکھ کر کشیدگی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کیا۔