ریاض (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کی خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ختم ہو اور دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے۔سعودی دارالحکومت ریاض میں "سعودی-امریکی سرمایہ کاری فورم" سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "ہم کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کو تھوڑا قریب لے آئیں، ہو سکتا ہے وہ ایک ساتھ ڈنر کریں، کیا یہ اچھا نہ ہوگا؟"
انہوں نے کہا کہ امریکا نے کامیابی سے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیزفائر کروایا، جو ایک تاریخی معاہدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ کشیدگی بڑھتی تو اس کے نتیجے میں لاکھوں جانوں کا نقصان ہو سکتا تھا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ پاک بھارت تنازع کا خاتمہ ایک مشکل عمل تھا، لیکن دونوں ممالک کی قیادتیں مضبوط اور ذہین ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر امریکی سینیٹر مارکو روبیو کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی میں ان کا کردار اہم رہا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کو پیغام دیا ہے کہ لڑائی کی بجائے تجارت پر توجہ دیں۔ "ہم نے دونوں دوستوں سے کہا کہ نیوکلیئر میزائلوں کے بجائے تجارت کے بارے میں سوچیں۔"