اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کسانوں کو آسان شرائط پر قرض فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کرے گی۔زرعی اصلاحات کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو زرعی خودکفالت کی منزل تک پہنچانے کے لیے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ ملک کی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کی وسیع صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی زرخیز زمین، قابل زرعی ماہرین اور محنتی کسانوں کی بدولت زرعی شعبہ مزید ترقی کر سکتا ہے۔
وزیراعظم نے زرعی تحقیق پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ کرنے کے لیے طویل المدتی اور پائیدار پالیسی مرتب کی جائے، تاکہ زراعت کے ساتھ ساتھ جنگلات کو بھی فروغ مل سکے، جو ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہیں۔
شہباز شریف نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ایک مربوط حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی اور اس میں صوبوں کی مشاورت کو بھی یقینی بنانے کی بات کی۔ وزیراعظم نے نیشنل ایگری انوویشن پلان بھی طلب کیا تاکہ زرعی ترقی کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔انہوں نے زرعی بیجوں کے سرٹیفیکیشن کے نظام میں اصلاحات کی رفتار تیز کرنے اور اعلیٰ معیار کے بیجوں کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے مؤثر لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے جامع ریگولیٹری فریم ورک ترتیب دیا جائے گا۔
اجلاس میں زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے ورکنگ گروپ کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور دیگر اعلیٰ حکومتی افسران بھی شریک تھے۔