پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا رابطہ 18 مئی کو ہوگا، مذاکرات کیلئے مقام کا تعین زیر غور

اسلام آباد(رم نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان عسکری سطح پر رابطے کا اگلا دور 18 مئی کو ہوگا، جس میں سیز فائر اور دیگر اہم امور پر بات چیت متوقع ہے۔نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج کو معمول کی سطح پر واپس لانے کے بعد مذاکرات کا باضابطہ آغاز کیا جائے گا۔ ان کے مطابق بات چیت کے لیے غیر جانبدار مقام کا انتخاب بھی زیر غور ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی بھارت کی جانب سے شروع کی گئی، جبکہ پاکستان نے دفاع میں محدود اور ذمہ دارانہ کارروائی کی۔ ’’ہم نے صرف ان بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایا جو پے لوڈ گرا کر فرار ہو رہے تھے۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ 9 مئی کو بھارت نے نور خان ایئربیس سمیت مختلف حساس مقامات کو نشانہ بنایا، جس کے بعد پاکستان نے مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10 مئی کو امریکی سینیٹر مارکو روبیو کا پیغام موصول ہوا کہ بھارت سیز فائر کے لیے تیار ہے، اور بعد ازاں امریکی اور سعودی وزرائے خارجہ نے بھی رابطہ کیا۔