"غرور خاک ہوا، قوم سرخرو ہوئی" ، یومِ تشکر پر وزیراعظم کا ولولہ انگیز پیغام

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تشکر کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مسلط کی گئی جارحیت کو افواجِ پاکستان نے چند گھنٹوں میں خاک میں ملا دیا، اور دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان نہ صرف دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے بلکہ دشمن کو پسپا کرنے کی جرات بھی رکھتا ہے۔چھ اور سات مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا، جس میں معصوم جانیں ضائع ہوئیں، مگر ہماری بہادر افواج نے ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ دشمن کی چالیں خود اس کے لیے تباہی بن گئیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی گنا بڑا دشمن، جو جدید ہتھیاروں اور فضائی طاقت پر ناز کرتا تھا، صرف چند گھنٹوں میں شکست کا مزہ چکھ کر پیچھے ہٹ گیا۔ "جو طیارے بھارت کا فخر تھے، وہ راکھ میں بدل کر عبرت کی مثال بن گئے۔وزیراعظم نے پاک فضائیہ کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاہینوں نے دشمن کے عسکری انفراسٹرکچر کو بے مثال مہارت سے نشانہ بنایا۔ "رافیل طیارے ہماری پیشہ ورانہ فضائی صلاحیت کے سامنے بے بس ہو گئے۔"

انہوں نے کہا کہ نہ صرف میدانِ جنگ میں، بلکہ قومی اتحاد میں بھی پاکستان سرخرو رہا۔ "قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہی۔ یہ فتح صرف عسکری نہیں، بلکہ قومی غیرت، اتحاد اور قربانی کی جیت ہے۔شہباز شریف نے یومِ تشکر کو قومی وقار اور دفاعی خودمختاری کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنے اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی، خود انحصاری اور استحکام کی طرف بڑھتے رہیں۔