آئندہ مالی سال کے لیے ایف بی آر کا 14,305 ارب روپے کا ٹیکس ہدف مقرر

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے لیے ایف بی آر کا ٹیکس ٹارگٹ 14 ہزار 305 ارب روپے مقرر کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزارتِ خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے ورچوئل مذاکرات کے دوران کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے موجودہ معاشی صورتحال، مہنگائی کی شرح اور معاشی ترقی کے تخمینوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اندازہ لگایا ہے کہ آئندہ سال مجموعی طور پر 13 ہزار 275 ارب روپے کی ٹیکس وصولی ممکن ہو سکے گی، جبکہ بقیہ 1,030 ارب روپے سے زائد کی رقم انفورسمنٹ اقدامات اور نئی پالیسیوں کے ذریعے اکٹھی کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت کو ٹیکس نیٹ میں اضافے، دستاویزی معیشت کے فروغ اور ٹیکس نظام میں شفافیت لانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی ہیں۔ ان میں تمباکو، مشروبات اور رئیل اسٹیٹ جیسے شعبوں کو مکمل طور پر دستاویزی بنانا شامل ہے، جبکہ کم از کم 600 ارب روپے کا اضافی ریونیو انفورسمنٹ اقدامات کے ذریعے حاصل کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔آئی ایم ایف نے ریونیو نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ریئل ٹائم پروڈکشن ڈیٹا، جدید ٹریکنگ سسٹم اور زیر التوا ٹیکس مقدمات کو فوری نمٹانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔