ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری، درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کا امکان

اسلام آباد(رم نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی نئی لہر کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے تحت کئی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہے گا، جہاں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ ہو سکتا ہے، جب کہ بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں یہ اضافہ 7 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں متوقع درجہ حرارت درج ذیل ہےتربت: 50 ڈگری،نوکنڈی، دادو، سکھر، ڈیرہ غازی خان: 49 ڈگری،ڈیرہ اسماعیل خان، نواب شاہ، ملتان، بہاولپور، سبی: 47 ڈگری،فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال: 46 ڈگری، بنوں، پشاور: 45 ڈگری،لاہور، حیدرآباد: 43 ڈگری، اسلام آباد: 42 ڈگری،راولپنڈی: 41 ڈگری۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک اور نسبتاً معتدل رہنے کی توقع ہے۔شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کی خصوصی دیکھ بھال کریں اور شدید گرمی کے دوران سفر سے اجتناب کریں۔