لاہور(رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دل کی تکلیف کے باعث جیل سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کر دیا گیا ہے۔شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا مدثر نے بتایا کہ آج صبح فجر کی نماز کے بعد قریشی کو دل میں شدید تکلیف محسوس ہوئی، جس پر جیل کے ڈاکٹروں نے فوری طور پر ان کا معائنہ کیا۔ حالت بگڑنے پر ریسکیو 1122 کے ذریعے انہیں فوری طور پر پی آئی سی منتقل کیا گیا۔
جیل انتظامیہ نے قریشی کے اہل خانہ کو بھی آگاہ کر دیا ہے تاکہ وہ اسپتال پہنچ کر ان کی صحت کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں۔شاہ محمود قریشی اس وقت مختلف مقدمات میں جیل میں قید ہیں اور ان کا علاج پی آئی سی میں جاری ہے۔