اسلام آباد(رم نیوز)آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی تیاری کے لیے سالانہ منصوبہ بندی کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اہم اجلاس 26 مئی کو ہوگا، جس میں ترقیاتی اہداف اور مالی ترجیحات کا جائزہ لیا جائے گا۔سرکاری دستاویزات کے مطابق اجلاس میں بجٹ اہداف کو حتمی شکل دی جائے گی، جب کہ وفاقی وزیر خزانہ 2 جون کو قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ سے متعلق حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان مشاورت میں پیش رفت جاری ہے۔ آئی ایم ایف نے ایف بی آر کے ٹیکس آمدن اہداف پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جب کہ سبسڈی اصلاحات، قرضوں کی ادائیگی اور سرکلر ڈیٹ میں کمی سے متعلق حکومتی اقدامات کو بھی مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔یہ اجلاس بجٹ کی تیاری کے اہم مرحلے کی حیثیت رکھتا ہے، جس سے مالی استحکام اور معیشت کی سمت کا تعین کیا جائے گا۔