پنجاب یونیورسٹی ہاسٹلز کلین اپ آپریشن کے مثبت نتائج، 678 طلباء کو کمرے الاٹ

لاہور(رم نیوز) پنجاب یونیورسٹی میں ہاسٹلز کلین اپ آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے غیر قانونی قابضین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہاسٹلز سے محروم 678 طلباء کو کمرے الاٹ کر دیے ہیں۔

ترجمان جامعہ کے مطابق یہ طلباء مارننگ پروگرامز، دیگر صوبوں اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں، جو طویل عرصے سے رہائشی سہولت سے محروم تھے۔ غیر قانونی قابضین کے باعث یہ طلباء ہاسٹل میں کمرہ حاصل کرنے سے قاصر تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ ہاسٹلز آپریشن کے بعد مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں طلباء کو رہائش کی سہولت میسر آ گئی ہے۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباء کی تعداد بڑھ کر 281، خیبر پختونخوا سے 192، گلگت بلتستان سے 165، سندھ سے 116 جبکہ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلباء کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔


یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی ہدایت پر ہاسٹلز میں سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے تاکہ آئندہ کسی بھی غیر قانونی قبضے کی روک تھام کی جا سکے اور مستحق طلباء کو ان کا حق دلایا جا سکے۔