اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نہ صرف دفاعی سطح پر بلکہ ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی ایک ابھرتی ہوئی طاقت کے طور پر دنیا کے سامنے آیا ہے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے آئی ٹی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت، مستقبل کی سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل ترقی کے حوالے سے اہم نکات پر روشنی ڈالی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آنے والے چند برسوں میں پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں 70 کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جو ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے نہایت اہم ہوگی۔
شزا فاطمہ نے بتایا کہ پاکستان نے 20 کروڑ موبائل صارفین کا ہدف عبور کر لیا ہے، جو ایک اہم سنگ میل ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، جن میں مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں کمی اور ترسیلات زر میں اضافہ شامل ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے دوران افواجِ پاکستان نے جہاں جرأت و بہادری کا مظاہرہ کیا، وہیں پاکستان کی تکنیکی صلاحیتیں اور مؤقف بھی دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں اجاگر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس قوم کے طور پر اپنی حیثیت منوائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت معیشت کی بہتری اور آئی ٹی شعبے کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، اور حالیہ معاشی اشاریے اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔