اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان نے بھارت کی جانب سے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور حقیقت کے منافی قرار دیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ گولڈن ٹیمپل سکھ مذہب کا مقدس ترین مقام ہے اور پاکستان اس کے تقدس کا مکمل احترام کرتا ہے۔ بھارت کی جانب سے اس نوعیت کے الزامات نہ صرف جھوٹ پر مبنی ہیں بلکہ مذہبی جذبات کو اشتعال دلانے کی کوشش بھی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے اور کرتارپور راہداری کے ذریعے انہیں ویزہ فری رسائی فراہم کرتا ہے۔ پاکستان سکھ مذہب کے متعدد مقدس مقامات کا محافظ ہے، جس پر پوری دنیا گواہ ہے۔
ترجمان نے الزام عائد کیا کہ خود بھارت کی سرزمین پر عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کی مثالیں موجود ہیں، جبکہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان میں بھی عبادت گاہوں کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کے جھوٹے الزامات کا مقصد اپنے اندرونی مسائل، اقلیتوں کے خلاف رویے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔ پاکستان ایسی گمراہ کن مہمات کو مسترد کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کے پروپیگنڈے کا نوٹس لے۔