واشنگٹن (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا ہے کہ امریکہ میں فضائی دفاعی نظام 'گولڈن ڈوم' کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد امریکہ کو میزائل حملوں سے تحفظ فراہم کرنا اور قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گولڈن ڈوم نظام ان کی صدارت کی دوسری مدت کے اختتام تک فعال کر دیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ نظام زمین اور خلا دونوں سے آنے والے میزائل حملوں کو روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’’امریکہ کی دفاعی ٹیکنالوجی اسرائیل سے بھی آگے ہے، اور ہم ایک ایسا نظام بنا رہے ہیں جو زمین، فضا اور خلا سے داغے گئے کسی بھی قسم کے کروز، بیلسٹک یا ہائپرسونک میزائل کو ناکام بنا سکے۔صدر ٹرمپ نے بتایا کہ گولڈن ڈوم منصوبے پر 175 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی، جبکہ موجودہ دفاعی بجٹ میں ابتدائی طور پر 25 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت تمام ٹیکنالوجی اور دفاعی ساز و سامان امریکہ میں تیار کیا جائے گا۔
گولڈن ڈوم منصوبے کی قیادت سپیس آپریشنز کے نائب سربراہ جنرل مائیکل کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ نظام کے کچھ حصے زمین کے گرد مدار میں سیٹلائٹس کی صورت میں بھی نصب کیے جائیں گے۔ ان سیٹلائٹس کے ذریعے میزائلوں کی قبل از وقت نشاندہی اور ان کا راستہ روکنے کا عمل ممکن بنایا جائے گا۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ کینیڈا نے بھی اس منصوبے کا حصہ بننے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور امریکہ کینیڈا کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے سربراہ نے بتایا کہ گولڈن ڈوم کا بنیادی مقصد امریکہ کو ہر قسم کے میزائل خطرات، چاہے وہ روایتی ہوں یا جوہری، سے بچانا ہے۔