لاہور (رم نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے پہلے ایلیمنٹر میں لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور ایونٹ سے باہر کر دیا۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔
کراچی کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر نے 52 گیندوں پر 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ دیگر نمایاں بلے بازوں میں خوشدل شاہ 27، عرفان خان 18، ٹم سائفرٹ اور محمد نبی نے 16،16 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 191 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 35 گیندوں پر 65 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، جبکہ اوپنر فخر زمان نے 28 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔کوشال پریرا نے 30، بہانوکا راجا پکشا نے 23 اور آصف علی ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فواد علی اور میر حمزہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔میچ کے اختتام پر لاہور قلندرز کی فتح نے نہ صرف انہیں ایونٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچا دیا بلکہ کراچی کنگز کی پی ایس ایل 10 کی مہم کا خاتمہ بھی کر دیا۔