واشنگٹن (رم نیوز)امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود دیرینہ تنازعات جنوبی ایشیا میں دہشتگردی کے فروغ کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ جنگ بندی خوش آئند ہے، تاہم اس کے پیچھے شدید کشیدگی اور جنگ کے خدشات موجود تھے۔
ترجمان نے انکشاف کیا کہ دونوں ممالک جنگ کے دہانے پر پہنچ چکے تھے، مگر امریکہ کی بروقت سفارتی مداخلت نے صورتحال کو سنبھالا اور ایک بڑے تصادم کو ٹال دیا۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی نے دیرینہ مسائل کے حل کی نئی امید پیدا کی ہے، اور جنوبی ایشیا میں مستقل امن کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ٹیمی بروس نے اس بات پر زور دیا کہ دیگر خطوں کے برعکس، جنوبی ایشیا میں فریقین کی جانب سے جنگ بندی کا عزم ایک مثبت پیش رفت ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتی اہلکاروں کے قتل کی مذمت کی اور کہا کہ امریکہ ہر سطح پر دہشتگردی کی مخالفت کرتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ، ایران سے جاری مذاکرات کے پانچویں دور کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان بات چیت میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے، جبکہ غزہ میں انسانی امداد کی فوری فراہمی کو امریکہ کی اولین ترجیح قرار دیا۔