اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانا شرمناک اور توہین آمیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوشش کسی طور قبول نہیں کی جائے گی۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہمارے کارکنوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور صنم جاوید کی ضمانت تک نہیں ہو رہی۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کی فوری تقرری کا مطالبہ بھی کیا۔شیخ وقاص نے مریم نواز کے بیانات کو ملک دشمنی پر مبنی قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے معاشی محاذ پر ناکامیاں دکھائیں، روپے کی قدر گراوٹ کا شکار ہوئی اور شرح نمو کمزور رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے مگر فصلوں میں 13 فیصد کمی اور کسانوں کی مشکلات حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ نوجوان پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور اپنی حمایت کا اظہار کر رہے ہیں۔