اسلام آباد(رم نیوز)اپیلٹ ٹربیونل نے شوگر ملز پر 44 ارب روپے جرمانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس کو دوبارہ سماعت کے لیے کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (CCP) کو بھجوا دیا ہے۔ ٹربیونل نے کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ 90 روز کے اندر از سرِ نو فیصلہ کرے۔اپنے فیصلے میں ٹربیونل نے واضح کیا کہ چیئرپرسن کمپٹیشن کمیشن جوڈیشل فیصلے میں کاسٹنگ ووٹ استعمال نہیں کر سکتیں۔ اس سے قبل 2021 میں کمیشن نے شوگر ملز پر کارٹل بنانے اور چینی کی قیمتوں کا تعین کرنے کے الزامات پر 44 ارب روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، اس وقت کمیشن کے چار رکنی بینچ میں دو ارکان نے جرمانے کے حق میں جبکہ دو نے مخالفت میں رائے دی تھی، جس پر چیئرپرسن نے کاسٹنگ ووٹ استعمال کرتے ہوئے فیصلہ اکثریت سے منظور کرایا۔تاہم اپیلٹ ٹربیونل نے اب اس فیصلے کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرپرسن کے کاسٹنگ ووٹ کے بغیر فیصلہ برابر رہتا ہے، لہٰذا کیس کی دوبارہ سماعت ناگزیر ہے۔
یاد رہے کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا تھا، جس پر اب ٹربیونل نے دوبارہ سماعت کا حکم جاری کیا ہے۔