لاہور (رم نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے دوسرے کوالیفائر میں لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے لیکن نوجوان بلے باز محمد نعیم نے برق رفتاری سے کھیلتے ہوئے صرف 24 گیندوں پر 50 رنز جڑے۔ ان کی اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
کوشل پریرا نے بھی اپنی تجربہ کاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ عبدﷲ شفیق نے 25، بھانوکا راجا پکسا نے 22، اور آصف علی نے 15 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 202 رنز کا مضبوط ہدف سیٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مکمل طور پر بے بس دکھائی دی۔ کوئی بھی بیٹر کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا۔ صرف آغا سلمان (33) اور کپتان شاداب خان (26) ڈبل فیگرز میں داخل ہو سکے، جب کہ باقی بیٹرز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔
لاہور کے بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے اسلام آباد کی بیٹنگ کو بکھیر کر رکھ دیا۔ شاہین شاہ آفریدی، رشاد حسین اور سلمان مرزا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
پی ایس ایل 10 کا فائنل 25 مئی بروز اتوار لاہور میں کھیلا جائے گا، جس میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل ہوں گے۔ شائقین کرکٹ اس سنسنی خیز مقابلے کے شدت سے منتظر ہیں۔