بارش کی خوشخبری: خیبرپختونخوا سمیت مختلف علاقوں میں آج رات سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان

پشاور (رم نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج رات سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو خوشخبری سنا دی ہے۔ موسم کا یہ خوشگوار سلسلہ کل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع، جن میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ شامل ہیں، میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ضروری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے عوام کو تنبیہ کی ہے کہ وہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، بوسیدہ عمارتوں، سائن بورڈز اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہیں۔

بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی افراد کو محتاط رہنے اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سڑکوں کی ممکنہ بندش کے پیش نظر متبادل راستے فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید برآں، سیاحوں کو سفر سے قبل پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اتھارٹی کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر دی جا سکتی ہے۔