لاہور(رم نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل جیتا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔کوئٹہ کی جانب سے حسن نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اویشکا فرنانڈو نے 29، رلی روسو نے 22، فہیم اشرف نے 28 جبکہ دنیش چندیمل نے 22 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عثمان مرزا اور حارث رؤف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سکندر رضا اور راشد حسین نے ایک ایک وکٹ لی۔
202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے محتاط آغاز کیا۔ فخر زمان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ محمد نعیم نے 46 اور عبداللہ شفیق نے 41 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔ راجہ پاکسا 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔میچ کا فیصلہ کن لمحہ اُس وقت آیا جب کوشال پریرا اور سکندر رضا نے پانچویں وکٹ پر شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو فتح تک پہنچایا۔ کوشال پریرا نے ناقابل شکست 62 رنز بنائے جبکہ سکندر رضا 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔لاہور قلندرز نے مقررہ ہدف آخری اوور میں حاصل کر کے پی ایس ایل کی تاریخ میں تیسری بار ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ شائقین کو ایک سنسنی خیز اور یادگار فائنل دیکھنے کو ملا۔