مالٹا کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان، 20 جون کو باضابطہ اقدام متوقع

ویلیٹا (رم نیوز) یورپی ملک مالٹا نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ مالٹا کے وزیرِاعظم رابرٹ ابیلا نے تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک 20 جون 2025 کو فلسطین کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر باضابطہ طور پر تسلیم کرے گا۔وزیرِاعظم ابیلا کا کہنا ہے کہ فلسطینی عوام کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہیے اور مالٹا، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، مالٹا کے اس فیصلے کو عالمی سطح پر فلسطین کے لیے بڑھتی ہوئی حمایت کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی کئی ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکے ہیں، جن میں حالیہ برسوں میں آئرلینڈ، ناروے، اسپین، سلووینیا، آرمینیا، بہاماس، جمیکا، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو اور بارباڈوس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ مالٹا نے اپریل 2023 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کو مکمل رکنیت دینے کے حق میں ووٹ دیا تھا، تاہم اب پہلی بار فلسطینی ریاست کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ادھر فرانس نے بھی آئندہ ماہ فلسطین کو تسلیم کرنے کے امکان کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ فرانس اور سعودی عرب جون میں دو ریاستی حل سے متعلق ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس کا مقصد اسرائیل اور فلسطین کے مابین پرامن حل کی راہ ہموار کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے اب تک 147 فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکے ہیں۔ تاہم اب بھی امریکا، برطانیہ، جرمنی اور آسٹریلیا سمیت کئی مغربی طاقتوں نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم نہیں کیا ہے