لاہور(رم نیوز)انسداد دہشت گردی کی عدالت لاہور نے 9 مئی کے تین مقدمات میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کر دی ہے۔ایڈمن جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان آتش زنی کیسز کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت عمر ایوب کے وکلاء کی جانب سے ان کی بیماری کے باعث حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
عدالت نے عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے پولیس کو آئندہ سماعت پر تمام مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔یاد رہے کہ عمر ایوب پر الزام ہے کہ انہوں نے 9 مئی کے واقعات میں دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ کارکنوں کو پُرتشدد کارروائیوں پر اکسایا۔ ان مقدمات میں بغاوت، دہشت گردی اور عوامی و عسکری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں۔