نوشکی میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، پولیس اہلکار شہید ،ٹانک سے دو پولیو ورکرز اغوا

نوشکی(رم نیوز)بلوچستان کے ضلع نوشکی اور خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں انسداد پولیو مہم کے دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعات میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دو پولیو ورکرز اغوا کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق، نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔ شہید اہلکار کی لاش کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

مسلح افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کر کے دو ہیلتھ ورکرز کو اغوا کیا ہے۔ دونوں ورکرز ایک جاری پولیو ویکسینیشن مہم کے دوران اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق، اس پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران خیبرپختونخوا میں پانچ سال سے کم عمر کے 73 لاکھ بچوں کو ویکسین دی جانی ہے۔

یہ واقعات انسداد پولیو مہم میں مصروف اہلکاروں کو درپیش خطرات کو اجاگر کرتے ہیں، جو ماضی میں بھی دہشت گردی اور شدت پسندی کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔