ملک کے مختلف علاقوں میں آج تیز ہواؤں اور بارش کی توقع

لاہور (رم نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں گزشتہ روز بارش اور تیز ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا تھا۔ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جہاں بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔

کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں آسمان جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

مری، گلیات، ڈی جی خان، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، دیر، سوات، مالاکنڈ اور کرم میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔