پاکستان نے پہلے ٹی20 میں بنگلہ دیش کو 37 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی

لاہور(رم نیوز)پاکستان نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں بنگلہ دیش کو 37 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے، جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 164 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا اور اوپنرز صائم ایوب اور فخر زمان صفر اور ایک رن پر آؤٹ ہو گئے۔ تاہم، کپتان سلمان علی آغا نے 34 گیندوں پر 56 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ حسن نواز نے 22 گیندوں پر 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ نائب کپتان شاداب خان نے 25 گیندوں پر 48 رنز بنائے، جن میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ محمد حارث نے 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے، جبکہ خوشدل شاہ اور فہیم اشرف نے بالترتیب 5 اور 11 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کا آغاز بھی مشکل رہا اور وہ دوسرے ہی اوور میں 14 رنز کے مجموعے پر اپنا پہلا وکٹ کھو بیٹھے، جب پرویز حسین 4 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان لٹن داس 48 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے، جبکہ زاکر علی نے 36، تنزید حسن نے 31 اور توحید ہردوئی نے 17 رنز بنائے۔ باقی کھلاڑیوں میں پرویز حسین، شمیم حسین اور رشاد حسین بالترتیب 4، 4 اور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی باؤلنگ میں حسن علی نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ شاداب خان نے 2، فہیم اشرف، سلمان علی آغا اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان نے اس شاندار فتح کے ساتھ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے اور اب اگلے میچ میں اپنی برتری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تیار ہے۔